کالعدم مذہبی و سیاسی تنظیم ٹی ایل پی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے رہنماؤں نے کہا کہ مرکزی شوری کے کچھ فیصلوں سے ہمارے دشمن بھارت کو پروپیگنڈا کرنے کا موقع ملا تھا ہم ایسی انتشار کی سیاست کا حصہ نہیں سکتے ہیں۔
ٹی ایل پی شوری رکن شبیر احمد، امجد نعیم، ناظم اعلی محمد وقاص، محمد ظہیر اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
محمد ندیم نے کہا کہ ہم نے مشترکہ طور پر مؤقف اختیار کیا ہے ان کا اب ٹی ایل پی اور سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارا تعلق تعلیم کے شعبے سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد شوریٰ کے اندر بعض ایسے فیصلے کیئے گئے جن سے وہ متفق نہیں ہیں اور ان فیصلوں سے ہمارے بڑے دشمن بھارت کو پروپیگنڈا کا موقع ملا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم انتشار پر مبنی کسی پالیسی کا حصہ نہیں بن سکتے۔
رہنماؤں نے اعلان کیا کہ وہ سیاست کو خیرباد کہہ رہے ہیں اور آج کے بعد ان کا ٹی ایل پی سے کوئی تعلق نہیں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے پُرامن اور تعمیری طریقے سے اپنا کردار آئندہ بھی ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے پاکستان کو اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی قربانی کے لیے ہمیشہ تیار ہیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مثبت خدمات انجام دیتے رہیں گے۔