دھند کے باعث موٹروے ایم فائیو رحیم یار خان سے روہڑی تک بند

مدد کے لیے شہری موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں، ترجمان موٹر وے


ویب ڈیسک December 23, 2025

رحیم یار خان:

شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فائیو کو رحیم یار خان سے روہڑی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے مطابق یہ اقدام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز کو لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کے مطابق شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور حتیٰ الامکان دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔

ترجمان نے کہا کہ دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات کو نسبتاً محفوظ سفری وقت قرار دیا گیا ہے۔

ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ دھند میں فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔

ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن نے مزید کہا کہ سفر کے دوران کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے شہری موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مقبول خبریں