وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف نوعیت کے پورٹ چارجز کو مزید کم، بندرگاہوں میں پڑے متروکہ کارگو کی نیلامی کے لیے شفاف نظام لانے اور متروک کارگو کے لیے ملک کی مختلف بندرگاہوں میں الگ یارڈز بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ترقی کے لیے بندرگاہوں کے حوالے سے تشکیل دیے گئے نجی شعبے کی ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا، وزیراعظم کو کاروباری برادری کے لیے بندرگاہوں پر سہولیات اور اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروبار بڑھانے اور معاشی ترقی کے لیے ہماری بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے، کاروباری برادری کی سہولت کے لیے بندرگاہوں سے منسلک مختلف ادارے آپس میں تعاون کو مزید بہتر بنائیں تاکہ کارگو کا ڈویل ٹائم (Dwell Time) کم سے کم ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف نوعیت کے پورٹ چارجز کو مزید کم کیا جائے، بندرگاہوں میں پڑے متروکہ کارگو کی نیلامی کے لیے شفاف نظام لایا جائے، متروک کارگو کے لیے ملک کی مختلف بندرگاہوں میں الگ یارڈز بنائے جائیں اور اس کے لیے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات لی جائیں۔
کارگو کی جانچ کے لیے ابتدائی ٹیسٹنگ لیب بندرگاہوں پر ہی بنائے جائیں،کارگو کے غیر ضروری لیبارٹری ٹیسٹ کا خاتمہ کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی تمام بندرگاہوں کی ڈریجنگ اور توسیع پر کام تیز کیا جائے تاکہ بڑے جہاز لنگر انداز ہو سکیں،اندرون ملک کارگو کے نقل و حمل کے لیے بندرگاہوں سے ریل کی کنیکٹیویٹی کو مزید بہتر کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیاد بشیر کی سربراہی میں ورکنگ گروپ کی محنت اور ٹھوس تجاویز پیش کرنے پر تعریف کی۔
زیاد بشیر نے کہا کہ پی آئی اے کی شفاف نجکاری سے پاکستان کی کاروباری برادری کے اعتماد میں بے حد اضافہ ہوا ہے نیشنل پورٹس ماسٹر پلان پر کام تیزی سے جاری ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹ کمیونٹی سسٹم حال ہی میں آپریشنل کیا جا چکا پاکستان کی بندرگاہوں پر مختلف فیسوں میں کمی لائی جا رہی ہے اور حال ہی میں پورٹ قاسم میں Bulk Cargo کے فیسوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی کی گئی۔
پاکستان کی مختلف بندرگاہوں میں نئی سرمایہ کاری سے ان کی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے،متروکہ کارگو کی نیلامی کے لیے بہت جلد E-Bidding کا نظام لایا جا رہا ہے جس کے ذریعے ملک بھر سے کوئی بھی شخص کسی بھی جگہ بیٹھے حصہ لے سکے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی کی بندرگاہوں کی توسیع اورڈریجنگ کے لیے ٹینڈر دیے جا چکے ہیں اور کام بہت جلد شروع ہو جائے گا