ایشز سیریز کے لیے آسٹریلیا میں موجود انگلینڈ کی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ فاسٹ بولر جوفرا آرچر انجری کے باعث سیریز کے آخری دو میچز سے باہر ہوگئے۔
بائیں جانب اسٹرین کا شکار ہونے والے جوفرا آرچر میلبرن میں شیڈول باکسنگ ڈے ٹیسٹ اور سِڈنی میں ہونے والے آخری ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
30 سالہ فاسٹ بولر گزشتہ چار برسوں میں متعدد شدید نوعیت کی انجریز کا شکار رہے ہیں جن میں ان کی کمر اور دائیں کہنی میں اسٹریس فریکچرز شامل تھے۔ البتہ، انگلش پیسر نے رواں برس بھارت کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کم بیک کیا۔
ٹیم میں جوفرا آرچر کی جگہ گس ایٹکنسن کو شامل کیا جائے گا جبکہ جیکب بیٹھل اپنا ایشز ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کو سیریز میں ناکامی کا سامنا کرنے والے اولی پوپ کی جگہ شامل کیا جائے گا۔