گلبرگ میں فائرنگ سے جاں بحق 8 سالہ اریان کی تدفین، واقعے کا مقدمہ درج، ایک ملزم گرفتار

اریان کے قتل کے مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل


ویب ڈیسک December 24, 2025
فوٹو: فائل

کراچی:

گلبرگ پولیس نے منگل کی شب فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 8 سالہ اریان وسیم کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کے خلاف مقتول کے والد کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق اریان کے قتل کے مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

پولیس نے بتایا کہ گلبرگ کے علاقے مکان نمبر A-5/89 موسیٰ کالونی ایف بی ایریا میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 8 سالہ اریان کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 604/2025 مقتول کے والد محمد وسیم کی مدعیت میں قتل کی دفعہ 302/34 کے تحت درج کر لیا۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ایک ملزم فاروق روشی کو گلبرگ پولیس نے موقع سے ہی علاقہ مکینوں کی مدد سے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا تھا جبکہ واقعے میں ملوث دوسرے ملزم الامین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مقتول اریان کے والد محمد وسیم نے مقدمہ درج کراتے ہوئے پولیس کو بیان میں بتایا کہ 23 دسمبر کو میں اپنے گھر میں موجود تھا کہ تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر دو موٹرسائیکل سوار آئے اور میرے گھر کے نیچے گلی میں رکے اور اپنی پستول نکال کر ایک فائر کیا جس سے میرا بیٹا 8 سالہ اریان جو کہ کمرے کی کھڑکی میں کھڑا تھا اس کے چہرے پر ناک کے دائیں جانب گولی لگی جو سر کے عقب میں دائیں جانب سے آر پار ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ گولی لگنے سےمیرا بیٹا زخمی ہو کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اور دونوں اشخاص موٹرسائیکل اسٹارٹ کر کے موقع سے فرار ہوگئے۔

بچے کے والد نے بتایا کہ گھر میں شور شرابہ شروع ہوگیا پھر میں بھاگ کر گھر سے نکل کر گلی میں آیا تو معلوم کرنے پر پتا چلا کہ موٹرسائیکل سوار دو اشخاص کے نام فاروق اور الامین ہیں۔

مدعی نے بیان میں بتایا کہ میرا دعویٰ ہے کہ دو ملزمان فاروق اور الامین نے میرے بیٹے اریان کو فائرنگ کر کے قتل کیا ہے لہٰذا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث دونوں ملزمان موسیٰ کالونی کے ہی رہائشی ہیں۔

آہوں اور سسکیوں میں 8 سالہ آریان کی تدفین

گلبرگ کے علاقے موسیٰ کالونی میں منگل کی شب فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 8 سالہ اریان کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ نیوکراچی کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈوکیٹ محسن نے بتایا کہ مقتول بچے کے والد سموسے، کچوری اور دیگر چیزیں تیار کر کے اسکول اور کالج میں سپلائی کرتے تھے، فائرنگ میں ملوث ملزمان کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول اریان کی نماز جنازہ بدھ کو بعد نماز ظہر غوثیہ مسجد ایف سی ایریا موسیٰ کالونی ریلوے پھاٹک کے قریب ادا کی گئی اور نیوکراچی سندھی ہوٹل کے قریب واقع قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا اور اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

مقتول اریان دو بھائیوں میں بڑا تھا اور گھر کے قریب پرائیوٹ انگلش میڈیم اسکول میں تیسری جماعت کا طالب علم تھا۔

مقبول خبریں