کراچی:
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کرسمس کے پرمسرت موقع پر ملک بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسمس حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل، انسانیت کی خدمت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری نے کراچی سمیت پورے پاکستان کی ترقی، تعلیم، صحت اور سماجی خدمات میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
کراچی ایک پرامن اور روادار شہر ہے جہاں تمام مذاہب کو یکساں عزت اور حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے دعا کی کہ کرسمس کا یہ تہوار شہر میں امن، خوشحالی اور یکجہتی کا سبب بنے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے بھی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کو آئین کا بنیادی حصہ بنایا اور صوبائی اسمبلی سندھ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اقلیتوں کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے اور سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا مسیحی برادری سے ہونا پیپلز پارٹی کی شمولیتی سیاست کی روشن مثال ہے۔
ہر شہری کو اپنے مذہب اور تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے اور ہم ایک پرامن، متحد اور ہم آہنگ پاکستان کے لیے کام کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے کرسمس اور یوم پیدائش قائداعظم کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے تمام پاکستانیوں کو قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش مبارک باد دی اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کی ڈھیروں مبارکباد پیش کی۔
مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ قائداعظم کا وژن واضح تھا اور وہ مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے آزادی، وقار اور مساوات کے ساتھ زندگی گزارنے کے حقوق پر یقین رکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حکومتِ سندھ قائداعظم کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور ایک ایسے جامع معاشرے کو فروغ دیا جا رہا ہے جہاں ہر شخص اپنے عقیدے، ثقافت اور روایات کو بلا خوف و خطر منانے کے لیے آزاد ہو۔