جہانیاں، مبینہ غفلت اور غیر قانونی آپریشن میں خاتون کی ہلاکت پر شہر میں شدید کشیدگی

ڈی سی خانیوال کے احکامات پر محکمہ صحت نے ڈاکٹر حافظ ناصر کا نجی کلینک سیل کر دیا گیا


ویب ڈیسک December 25, 2025

خانیوال:

جہانیاں کے علاقے عطا ٹاؤن میں واقع ایک نجی کلینک پر مبینہ غفلت اور غیر قانونی آپریشن کے نتیجے میں خاتون کی ہلاکت کے واقعے نے شہر میں شدید کشیدگی پیدا کر دی۔

پولیس کے مطابق 30 سالہ ثانیہ کی ہلاکت کے معاملے پر ڈاکٹر حافظ ناصر اور ان کی اہلیہ کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈی سی خانیوال کے احکامات پر محکمہ صحت نے ڈاکٹر حافظ ناصر کا نجی کلینک سیل کر دیا۔ لواحقین کا موقف ہے کہ ثانیہ کا آپریشن ڈاکٹر حافظ ناصر کی اہلیہ نے کیا جو کہ باقاعدہ خاتون ڈاکٹر نہیں تھیں، جس کے باعث خاتون جانبر نہ ہو سکی۔

خاتون کی ہلاکت کے بعد مشتعل لواحقین نے کلینک میں توڑ پھوڑ کی، جبکہ حالات بگڑنے پر ڈاکٹر اور اس کی اہلیہ موقع سے فرار ہو گئے۔

ورثاء نے انصاف کے حصول کے لیے خانیوال روڈ بند کر کے شدید احتجاج کیا، جس سے ٹریفک معطل ہو گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی ملک عبدالمجید بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، جبکہ صورتحال کشیدہ ہونے پر ضلع خانیوال سے مزید پولیس نفری طلب کی گئی۔

پولیس نے کلینک کے عملے کے تین افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے قانونی کارروائی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا، جس کے بعد خانیوال روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مقبول خبریں