149 ویں یوم پیدائش قائد اعظم پر صدر اور وزیر اعظم کا قوم کے نام اہم پیغام

قوم آئندہ برس قائداعظم کے 150 ویں یومِ پیدائش کی جانب بڑھ رہی ہے، جو ایک اہم سنگ میل ہے، صدر آصف زرداری


ویب ڈیسک December 25, 2025

اسلام آباد:

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قائداعظمؒ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اصولوں پر عمل کو قومی ترقی کی ضمانت قرار دیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ یقین محکم اور انتھک محنت کو یاد کرنے کا دن ہے جس نے پاکستان کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب قوم مختلف چیلنجز سے نمٹ رہی ہے تو قائداعظمؒ کی قیادت اور اصول آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔

صدر مملکت کے مطابق قائداعظم جمہوریت، انصاف اور برابری کے علمبردار تھے اور یہی اقدار ہمارے قومی سفر کا مرکز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا پیغام آج بھی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور قومی اعتماد کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم آئندہ برس قائداعظم کے 150 ویں یومِ پیدائش کی جانب بڑھ رہی ہے، جو ایک اہم سنگ میل ہے۔

اس موقع پر ضروری ہے کہ قائداعظمؒ کی زندگی اور جدوجہد پر سنجیدہ غور کیا جائے، ان کے وژن سے وابستگی کی تجدید کی جائے اور ان کے نظریات کو دیانت اور مقصدیت کے ساتھ آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جائے۔

صدر مملکت نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قائداعظمؒ کی اقدار سے وابستہ رہتے ہوئے ایک پرامن اور جامع پاکستان کی تعمیر میں کردار ادا کریں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائداعظم کے 149 ویں یوم پیدائش پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پوری قوم اس موقع پر بابائے قوم کو دلی خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا یوم پیدائش تجدیدِ عہد کا دن ہے اور ان کے رہنما اصولوں پر انفرادی اور قومی سطح پر عمل ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظمؒ نے بلاتفریق رنگ و نسل اور مذہب، ہم آہنگی اور انصاف کا درس دیا، جبکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم روشن قومی مستقبل کی ضمانت ہیں۔

ان کے مطابق قائداعظم آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی سیاسی بصیرت نے قیام پاکستان کو ممکن بنایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم نے تاریخ کا دھارا موڑ کر مسلمانوں کا خواب حقیقت میں بدلا، آزاد، خودمختار اور فلاحی ریاست کے لیے جدوجہد کی اور سامراجی قوتوں کو شکست دی۔

وزیراعظم نے قوم پر زور دیا کہ آج اس عزم کی تجدید کریں کہ قائداعظم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قوم کے وقار، تحفظ اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔

نائب وزیراعظم و دیگر کے پیغامات

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نہ صرف ہماری آزادی کے معمار تھے بلکہ غیر متزلزل اصولوں اور غیر معمولی بصیرت کے حامل ایک عظیم مدبر بھی تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ آج قائدِ اعظم ؒ  کے ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اور کرسمس کی خوشیاں مناتے ہوئے، آئیے ہم امن، خیر سگالی اور باہمی احترام کے اس پیغام کو ہمیشہ کے لیے آگے بڑھائیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قائد اعظم نے اصول پسندی، دیانت اور بے مثال جدوجہد سے تاریخ کا رخ موڑ دیا۔ قائد اعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور حق گوئی کی روشن مثال تھی۔

وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط آج بھی پاکستان کی ترقی اور قومی استحکام کی بنیاد ہیں۔ قائداعظمؒ کی فکر پاکستان کو ترقی، مضبوطی اور قومی یکجہتی کی راہ دکھا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے افکار آج کے قومی چیلنجز کے تناظر میں رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔ نظریۂ پاکستان انصاف، خودداری اور عوامی فلاح پر مبنی ریاست کا تقاضا کرتا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ عمران خان نے نظریۂ پاکستان کو فلاحی ریاست کے عملی تصور سے جوڑا، عمران خان کی سیاست کا محور قائداعظم کا تصورِ ریاست اور قومی خود مختاری ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت کی بدولت آزاد پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ قائداعظم کی شخصیت بلند اخلاقی اقدار، آئین و قانون کی پاسداری اور جمہوری روایات کی حقیقی عکاس تھی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ بابائے قوم نے ہمیشہ اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل کی تلقین کی۔ ک مضبوط و مستحکم پاکستان کیلئے ہمیں قائداعظم کے اصولوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی قائد اعظم کا وژن آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ 

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قائدِاعظم آئین پسندی، قومی وحدت اور جمہوری اقدار پر غیر متزلزل یقین کی ایک لازوال علامت ہیں۔ قائدِاعظم نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر شہری کو یکساں حقوق حاصل ہوں۔

مقبول خبریں