کراچی:
سندھ حکومت کی مالی معاونت سے انڈس یونیورسٹی اسپتال کی نئی کثیرالمنزلہ عمارت کے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا، جس کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی۔
منصوبہ 72 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور 1350 بستروں پر مشتمل جدید سہولیات فراہم کرے گا۔ اسپتال میں 36 آپریشن تھیٹرز، او پی ڈی اور جدید ایمرجنسی رومز شامل ہوں گے، جبکہ تمام مریضوں کو بلا امتیاز مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور مکیش کمار چاولہ سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی اور اسپتال عہدیداران موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈس یونیورسٹی اسپتال صرف ایک عمارت نہیں بلکہ خدمت اور وقار کا عہد ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وژن، دیانت اور اجتماعی عزم کی روشن مثال ہے، اور سندھ حکومت آئندہ نسلوں تک اسپتال کے ساتھ اپنی شراکت مضبوط رکھے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ انڈس اسپتال کے لیے 18 ارب روپے کی ہماری معاونت عوامی خدمت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ انڈس اسپتال مساوات، شفافیت اور بلا امتیاز علاج کی علامت ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں انڈس اسپتال نے پورے سندھ اور پاکستان کے مریضوں کا وقار کے ساتھ علاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے بڑھتے چیلنجز میں انڈس جیسے معتبر ادارے ناگزیر ہیں۔ انڈس اسپتال سندھ ہی نہیں، پورے پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے۔ معیاری اور بلا تفریق علاج قومی سطح پر ممکن ہے، انڈس نے ثابت کر دکھایا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حقیقی ترقی تب ممکن ہے جب حکومت اور وژن رکھنے والے ادارے عوام کے لیے یکجا ہوں، اور انڈس اسپتال زندگیاں بچانے اور امید بحال کرنے کا سفر جاری رکھے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال کا افتتاح کرسمس کے دن ہونے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں شاندار کام کر رہی ہے اور انڈس اسپتال کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی پی کا نظریہ روٹی کپڑا اور مکان ہے جبکہ صحت بھی اس کا ایک حصہ ہے، سندھ حکومت کے صحت کے منصوبوں کو دنیا میں سراہا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کے پسماندہ علاقوں میں صحت کے مسائل کی نشاندہی کریں، قمبر شہداد کوٹ کے علاقے میں سہولیات کی ضرورت ہے۔ میں فخر سے کہہ سکتا ہوں سندھ کے این آئی سی وی ڈی میں پوری دنیا میں مفت علاج ہو رہا ہے اور سو فیصد مفت علاج کیا جا رہا ہے۔