کیلیفورنیا میں قیامت خیز بارشیں، سیلاب سے 2 افراد ہلاک

حکام نے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے اور متعدد کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے


ویب ڈیسک December 26, 2025

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جہاں مختلف حادثات میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق شدید بارش کے بعد پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا جبکہ کئی مقامات پر پارکنگ ایریاز مکمل طور پر زیرِ آب آ گئے۔ سان برنارڈینو کاؤنٹی میں مٹی اور ملبہ سڑکوں پر آ جانے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں اور کئی سڑکیں بری طرح متاثر ہوئیں۔

سیلاب کے باعث کئی افراد اپنے گھروں کی چھتوں پر پھنس گئے، جنہیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ حکام نے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے اور متعدد کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

بارش اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں کرسمس کے موقع پر ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاس اینجلس سمیت مختلف علاقوں میں آئندہ چار روز کے دوران مزید آٹھ انچ تک بارش ہو سکتی ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

مقبول خبریں