کینسر جیسے موذی مرض سے طویل اور کٹھن جدوجہد کے بعد پاکستانی شوبز کی معروف ڈائریکٹر، پروڈیوسر، مصنفہ اور اداکارہ انجلین ملک نے اپنی صحت سے متعلق حوصلہ افزا خبر شیئر کردی ہے۔
انجلین ملک نے مداحوں کو آگاہ کیا ہے کہ ان کے حالیہ میڈیکل اسکینز کلیئر آگئے ہیں اور وہ اس وقت کینسر فری ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری پیغام میں انجلین ملک نے اس خوش خبری کے ساتھ حقیقت پسندانہ انداز بھی اپنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کلیئر اسکینز ایک اہم کامیابی ضرور ہیں، مگر کینسر کے بعد کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا۔
انجلین ملک کے مطابق طبی طور پر کسی مریض کو مکمل طور پر کینسر فری قرار دینے کے لیے دو سے پانچ سال تک مسلسل کلیئر اسکینز ضروری ہوتے ہیں، جبکہ بعض کیسز میں یہ مدت دس سال تک بھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ آج کے دن کے لیے خود کو کینسر فری سمجھتی ہیں، تاہم آگے کا سفر طویل اور محتاط رہنے کا متقاضی ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے اس مرحلے میں کچھ دن امید لے کر آتے ہیں اور کچھ دن خوف کے ساتھ گزرتے ہیں، مگر وہ ہر دن کا سامنا حوصلے، شکرگزاری اور عزم کے ساتھ کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج پر شکر گزار ہیں، کل کے لیے تیار ہیں اور کبھی ہار ماننے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔
انجلین ملک کی اس مثبت اور حوصلہ افزا پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں، قریبی دوستوں اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے، جو ان کی ہمت اور استقامت کو سراہ رہے ہیں۔