پشاور:
وزیراعلیٰ کے پی کا قافلہ لاہور پہنچ گیا، پنجاب پولیس نے ان کی آمد پر چکری ریسٹ ایریا سیل کردیا، وزیراعلیٰ نے بیرا ریسٹ ایریا پہنچ کر نماز ادا کی اور روانہ ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لاہور کے دو روزہ دورے کے لیے روانہ پشاور سے روانہ ہوئے، روانگی سے قبل وزیراعلی نے دعائے خیر کی، معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان اور صوبائی وزیر مینا خان بھی ان کے ہمراہ ہیں، وزیراعلی سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک میں کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
چکری پر قیام و طعام کے لیے ایریاز سیل کرنے کا مطلب حکومت خوفزدہ ہے، وزیراعلیٰ
پنجاب پولیس نے چکری کے مقام پر قیام و طعام کے لیے مختص ایریا کو سیل کردیا۔ اس پر وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب حکومت اس قدر خوفزدہ ہے کہ قیام و طعام کا ایریا بھی بند کر دیا، ہم شروع دن سے کہتے آ رہے ہیں کہ یہ لوگ عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں، قیام و طعام کے مقامات سیل کرنا خوف کی واضح علامت ہے، عوامی نمائندوں کا راستہ روکنا دراصل عوام کی آواز دبانے کی ناکام کوشش ہے، جنہیں عوام کا سامنا کرنے کا حوصلہ نہ ہو وہی سڑکیں اور سہولتیں بند کرتے ہیں، اقتدار کے سہارے عوامی حقوق سلب کرنا جمہوریت نہیں کھلی آمریت ہے، عوام جان چکے ہیں کہ خوف زدہ حکمران بند دروازوں کے پیچھے فیصلے کرتے ہیں۔
کے پی کے معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ وزیراعلیٰ منتخب پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ دورہ لاہور کی جانب رواں دواں ہیں، پنجاب پولیس نے چکری کے مقام پر وزیر اعلی کا راستہ روکا، دورے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا افسوسناک ہے، حسن ابدال اور چکری میں کارکنوں کے شاندار استقبال سے پنجاب حکومت خوفزدہ ہو گئی، پنجاب پر زبردستی مسلط حکومت آمریت کا مظاہرہ کر رہی ہے، پنجاب حکومت حوصلہ رکھے، ابھی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لاہور پہنچے بھی نہیں۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے استقبال کے لیے لاہور میں کارکنوں کا جوش و جذبہ عروج پر ہے، پنجاب حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔
موٹروے پر بیرا ریسٹ ایریا آمد
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا موٹروے پر بیرا ریسٹ ایریا پہنچ گئے جہاں کارکنان اور عوام نے ان کا بھرپور استقبال کیا، کارکنان نے نعرے بازی بھی کی۔ بیرا ریسٹ ایریا عوامی جوش و خروش کا مرکز بن گیا، وزیراعلیٰ نے وہیں نماز جمعہ ادا کی، عوام کی بڑی تعداد وزیر اعلیٰ کے استقبال کے لیے بیرا ریسٹ ایریا میں موجود رہی۔
واضح رہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل فریدی دو روزہ دورے پر لاہور روانہ ہوئے ہیں، سہیل فریدی آج پنجاب اسمبلی پہنچیں گے جہاں وہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعلی کا لبرٹی چوک سمیت دیگر مقامات پر جانے کا بھی امکان ہے، وزیراعلی ہفتے کے روز لاہور ہائی کورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کریں گے، وہ چوہدری پرویز الہٰی، میاں محمود الرشید، حماد اظہر، اعجاز چوہدری کے گھروں کا دورہ کریں گے، سینئر صحافیوں، اینکر پرسنز سے بھی ملاقات کریں گے اور اتوار کو واپس روانہ ہوں گے۔
اتوار کے روز سہیل فریدی واپس روانہ ہوں گے۔
قافلہ لاہور انٹرچینج پہنچ گیا
وزیراعلیٰ کے پی کی قیادت میں قافلہ لاہور انٹرچینج پہنچ گیا۔
میڈیا سے گفت گو میں شفیع جان نے کہا کہ پنجاب غیرت مندوں کی سرزمین ہے، عوام نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بھرپور استقبال کیا، ہمیں توقع تھی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو خوش آمدید کہیں گی۔
پنجاب حکومت نے اٹک تا لاہور قیام و طعام کے تمام مقامات سیل کردیے، شفیع جان
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پنجاب حکومت نے اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات سیل کر رکھے تھے، وزیر اعلیٰ کے قافلے میں دانستہ رکاوٹیں ڈالی گئیں، پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ کر رکھا ہے، بانی چیئرمین عمران خان کی تصویر اور پارٹی جھنڈا اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہمیں سیاسی اسپیس دیا جائے، پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی اسپیس ختم کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک جائیں گے، وزیراعلی اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے اور خطاب کریں گے، وزیر اعلیٰ لاہور میں قیام کے دوران صحافیوں، وکلاء، پارٹی رہنماؤں اور اسیران سے ملاقاتیں کریں گے۔