اسرائیلی فوج کا مغربی کنارے میں جنین کے علاقے قباطیہ پر دھاوا

گزشتہ روز چاقو حملے میں دو اسرائیلیوں کو ہلاک کرنے والے فلسطینی کا تعلق اسی علاقے سے تھا


ویب ڈیسک December 27, 2025

چاقو حملے میں 2 صیہونیوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر جنین کے علاقے قباطیہ پر دھاوا بول دیا۔ 

گزشتہ روز شمالی اسرائیل میں ہونے والے گاڑی چڑھانے اور چھرا گھونپنے کے واقعات میں دو اسرائیلی ہلاک اور چھ زخمی ہوئے تھے۔

اسرائیلی پولیس کے مطابق حملوں کا سلسلہ بیسان شہر سے شروع ہوا جہاں ایک راہگیر کو گاڑی تلے کچلا گیا، بعد ازاں عین حارود کے علاقے میں ایک خاتون کو چھرا گھونپ کر ہلاک کیا گیا۔

عفولہ میں شہریوں نے مشتبہ شخص کو قابو کرنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسپتال منتقل کر دیا جس کی شناخت قباطیہ کے رہائشی کے طور پر کی گئی ہے۔

واقعے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے فوج کو قباطیہ میں فوری اور بھرپور آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔ 

دوسری جانب حماس نے موقف اختیار کیا ہے کہ یہ حملے اسرائیلی قتل، بے دخلی اور آبادکاری پالیسیوں کا ردعمل ہیں۔

مقبول خبریں