فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر کے ماتحت ادارے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے اسمگلنگ کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 31 کروڑ ستر لاکھ روپے مالیت کے اسمگل شدہ سگریٹس، موبائل فونز اورنان ڈیوٹی پیڈ(این سی پی) گاڑیاں ضبط کرلیں۔
ایف بی آر کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے اسمگلنگ کے خلاف جاری بھرپور اقدامات کے تسلسل میں متعدد کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 317 ملین روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیا ضبط کر لی۔
مصدقہ انٹیلیجنس کی بنیاد پر کوئٹہ پولیس کی معاونت سے کئے گئے آپریشن میں کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے مختلف برانڈز کی اسمگل شدہ سگریٹس کے 508 کارٹن (25,400 اسٹکس) برآمد کئے۔
ضبط شدہ سگریٹس کی مالیت کا تخمینہ بیس کروڑ روپے کے قریب ہے۔ یہ کاروائیاں تمام مقررہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) کے مطابق مکمل جانچ پڑتال کے بعد عمل میں لائی گئیں۔
اس کے علاؤہ مختلف آپریشنز میں بھاری مقدار میں موبائل فونز اور 13 این سی پی گاڑیاں بھی ضبط کی گئی جن کی کل مالیت گیارہ کروڑ ستر لاکھ روپے ہے۔ تمام ضبط شدہ سامان سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے اور کسٹمز ایکٹ، 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ایف بی آر انسداد اسمگلنگ، غیر قانونی تجارت کے تدارک اور قومی معیشت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔