محبت یا ذہنی دباؤ؟ پالتو کتے کی بیماری پر دو بہنوں کی خودکشی

پولیس کے مطابق لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں


ویب ڈیسک December 28, 2025

بھارت کے شہر لکھنو میں پالتو کتے کی بیماری کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار دو بہنوں نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ واقعہ لکھنو کے علاقے ڈوڈا کھیڑا جلال پور میں پیش آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جاں بحق ہونے والی بہنوں کی شناخت 26 سالہ رادھا سنگھ اور 22 سالہ جیا سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسپتال سے اطلاع ملی تھی کہ دونوں بہنوں نے فینائل پی کر اپنی جانیں لے لیں، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

پولیس نے اہلِ خانہ سے پوچھ گچھ کے بعد بتایا کہ دونوں بہنوں نے حال ہی میں ایک کتے کو گود لیا تھا اور وہ اس سے بے حد محبت کرتی تھیں۔ دونوں بہنیں کتے کی دیکھ بھال بھی باقاعدگی سے کر رہی تھیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق دونوں بہنیں پہلے ہی ذہنی دباؤ کا شکار تھیں۔ بڑی بہن رادھا سنگھ ٹی بی کی بیماری کے باعث ڈپریشن میں مبتلا تھی، جبکہ چھوٹی بہن جیا سنگھ 2014 سے ذہنی تناؤ کا سامنا کر رہی تھی۔

گھر والوں نے بتایا کہ پالتو کتا گزشتہ ایک ماہ سے شدید بیمار تھا، جس کی وجہ سے دونوں بہنوں کا ذہنی دباؤ مزید بڑھ گیا اور انہوں نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی زندگیاں ختم کر لیں۔

پولیس کے مطابق دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مقبول خبریں