اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نےشوگر ملوں کی مانیٹرنگ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے 6 اہکاروں کو معطل کر دیا۔
ایف بی آر کے مطابق شوگر ملوں میں تفویض کردہ مانیٹرنگ ڈیوٹی سے بلااجازت غیرحاضر پائے گئے 6 اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے یہ اقدام فرائض میں غفلت کے خلاف ایف بی آر کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا حصہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ اہلکاروں کو سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 40B کے تحت شوگر کی پیداوار کی مؤثر، شفاف اور بلا تعطل نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
ایف بی آر نے بتایا کہ ان کی غیر حاضری کا انکشاف لارج ٹیکس آفس لاہور کی جانب سے کی جانے والی معمول کی مانیٹرنگ کے دوران ہوا۔
ایل ٹی او لاہور نے غفلت و لاپروائی کی سنگینی کے پیش نظر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف مروجہ قواعد و ضوابط کے تحت تادیبی کارروائی شروع کرنے کی سفارش کی ہے، جواب دہی یقینی بنانے اور مانیٹرنگ کے عمل میں کسی بھی ممکنہ خلل سے بچنے کے لیے ان اہلکاروں کوفوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ایف بی آر نے بیان میں کہا کہ اپنی تمام فیلڈ فارمیشنز میں نظم و ضبط، دیانت داری اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، فرائض میں کسی بھی قسم کی غفلت، بدانتظامی یا تفویض کردہ ذمہ داریوں کی عدم تعمیل کرنے والوں سے قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔