لاہور:
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی شفیع جان نے پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کے سہیل آفریدی کو لاہور سے واپس جانے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اس سے آمرانہ سوچ قرار دے دیا اور کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب کے حکمران جان لیں سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ شروع ہوچکی ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی شفیع جان نے عظمیٰ بخاری کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو پنجاب چھوڑنے کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ بخاری کا بیان غیر جمہوری اور آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے، حکومت پنجاب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دورہ لاہور سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ عظمیٰ بخاری اور قومی دولت لوٹنے والا ٹولہ پنجاب کے غیرت مند اور مہمان نواز عوام کا حقیقی نمائندہ نہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ جعلی پنجاب حکومت کے ظلم کا شکار کارکنوں اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یک جہتی کے لیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بخاری جواب دیں، وزیراعلیٰ کے دورے پر لاہور فوڈ اسٹریٹ اور تجارتی مراکز زبردستی کیوں بند کرائے گئے، حکومت پنجاب کے خوف کے سوا ہمیں پولیس رکاوٹیں اور بند سڑکیں ہی نظر آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام پر ظلم و جبر کی کرپٹ حکومت پنجاب کی تاریخ گواہ ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آمد پر زندہ دلان لاہور نے شان دار استقبال کیا لیکن ہمیں خدشہ ہے حکومت پنجاب کارکنوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے گی۔
شفیع جان نے کہا کہ کارکنوں پر چھاپے اور چادر و چار دیواری کی پامالی جعلی حکومت پنجاب کا وطیرہ ہے، وفاق اور پنجاب پر مسلط جعلی حکمران جان لیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ شروع ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسٹریٹ موومنٹ صرف ٹریلر تھا، ملک کے کسی بھی حصے میں جانا اور سیاسی سرگرمیاں کرنا ہر جماعت کا آئینی، جمہوری اور قانونی حق ہے۔