راولپنڈی:
راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں 2 ارب کی کرپشن کے ملزم کی ضمانت ہائیکورٹ سے بھی خارج ہوگئی۔
جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس سردار اکبر علی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ضمانت خارج کرنے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا، اس سے قبل احتساب عدالت بھی ملزمان کی ضمانتیں خارج کرچکی ہے۔
نیب پراسیکیوٹر کے مطابق مرکزی ملزم جمال تاج کے اکاؤنٹ میں اس کے بھائی ڈائریکٹر فنانس نے رقم ٹرانسفر کی، ملزم کا ساتھی اعتراف جرم کرتے ہوئے پلی بارگین کر چکا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سرکاری اکاؤنٹ سے ملزمان نے بھائیوں اور بیویوں کے اکاؤنٹس میں رقم ٹرانسفر کی۔ ملزم جمال تاج و فیملی لوٹی رقم واپس کرے اور گھر جائے۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ فراڈ میں ملوث تمام آر ڈی اے افسران ان کے بہن بھائی بیوی اکاؤنٹ ہولڈرز گرفتار ہونگے۔
عدالت نے کہا کہ کرپشن سنگین جرم ہے، پلی بارگین ہوچکی ملزم ضمانت کا حق دار نہیں۔