این سی سی آئی اے کا سائبر کرائمز کے خلاف بڑی کامیابیوں کا اعلان

2025ء میں 2196 بڑے سائبر کرائم کیسز کی تحقیقات مکمل کی گئیں، رپورٹ


ویب ڈیسک December 29, 2025
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سائبر کرائم کے خلاف بڑی کامیابیوں کا اعلان کیا ہے۔

2025ء  میں 2196 بڑے سائبر کرائم کیسز کی تحقیقات مکمل کی گئیں، جن میں 2902 ملزمان  کو گرفتار کیا گیا جب کہ 774 کیسز میں سزائیں دلوائی گئیں۔

سالانہ رپورٹ کے مطابق رواں برس آن لائن فراڈ اور مالی جرائم کے متاثرین کے 461 ملین روپے برآمد کیے گئے۔ 46 ہزار سے زائد جعلی بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس منجمد کیے گئے جب کہ 5 بڑے مقامی و بین الاقوامی سائبر کرائم نیٹ ورکس کو ناکارہ بنایا گیا۔

اسی طرح بچوں کے آن لائن استحصال کے خلاف آپریشن براؤن میں  35 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔

این سی سی آئی اے نے جدید AI اور مشین لرننگ پر مبنی سائبر انٹیلی جنس سسٹم متعارف کرا دیا، جس کے لیے 300 سے زائد افسران کو جدید سائبر تفتیشی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

سائبر کرائم آگاہی مہم کے ذریعے 20 لاکھ شہریوں تک رسائی حاصل کی گئی اور فشنگ، شناختی چوری اور کرپٹو فراڈ پر 30 سے زائد ایڈوائزریز جاری کی گئیں۔

این سی سی آئی اے نے انٹرپول سمیت دیگر عالمی اداروں سے تعاون مزید مضبوط کیا ہے اور آئندہ سال نیشنل سائبر کرائمز رپورٹنگ پورٹل لانچ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس سلسلے میں اہم معاشی شعبوں کے ساتھ مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے خرم علی نے کہا ہے کہ سائبر جرائم کے خلاف  زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔

مقبول خبریں