کراچی پولیس کے مدد گار 15 یونٹ نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی
اس حوالے ترجمان مدد گار 15 پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عوام کی فوری مدد اور جرائم کے خلاف مؤثر کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
سال کے دوران 2 لاکھ 59 ہزار 979 کالز پر فوری ایکشن لیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
مدد گار 15 پولیس نے رواں سال کے دوران اسٹریٹ کرمنلز، ڈاکوؤں اور اغوا کاروں سمیت 89 ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 35 پستول، 52 موٹر سائیکلیں اور 29 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے مدد گار 15 پولیس کے افسران و اہلکاروں کو ان کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو کالز پر بروقت ردعمل اور مصیبت زدہ شہریوں کی فوری مدد کرنا قابل تعریف ہے۔
انہوں ںے کہا کہ مجموعی طور پر سال 2025 میں مدد گار 15 پولیس کی کارکردگی ان کی لگن ، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوام دوست طرز عمل کی عکاسی کرتی ہے جو ایک محفوظ ، مزید مؤثر اور عوام دوست پر مبنی پولیسنگ نظام کی تشکیل کے لیے راہ ہموار کرتی ہے۔
ترجمان کے مطابق مددگار15 ملاپ یونٹ کی جانب سے شہری خدمت میں قابل قدر انسانی کردار کی بدولت 135 لاپتہ بچوں کو ان کے اہلخانہ سے ملوایا گیا۔ رواں سال کے دوران مدد گار 15 کال سینٹر کو مجموعی طور پر 24 لاکھ 16 ہزار 870 کالز موصول ہوئیں جس میں سے ایک لاکھ 90 ہزار 900 کالز پرینگ یا بوگس تھیں جبکہ 89 ہزار 640 معلوماتی کالز ثابت ہوئیں۔