رواں سال متعدد پاکستانی فنکار رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں تاہم اب بھی ایسے کئی اسٹارز موجود ہیں جو 30 سال کے ہونے کے باوجود کنوارے ہیں۔
شوبز سے وابستہ شخصیات یا ان کی بچوں کی شادی کی بات کریں تو پاکستان کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان کی بیٹی ماہین خان کی شادی رواں سال کی آخری شادی ہوگی جب کہ نئے سال میں بھی متعدد فنکار یا ان کے بچے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔
سوشل میڈیا صارفین ہر سال ہونے والی سیلیبریٹیز کی شادیوں سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر یا ویڈیوز پر اپنا ردعمل بھی ظاہر کرتے ہیں۔
تاہم کسی بھی فنکار کا شادی کرنا یا اکیلے زندگی گزارنا مکمل طور پر ان کا ذاتی فیصلہ ہے لیکن ہمارے معاشرے میں 30 سال تک شادی نہ کرنے والی شخصیات سے متعلق ہر کوئی یہ سوال کرتا دکھائی دیتا ہے کہ وہ اب تک کیوں سنگل ہے۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی ایسے متعدد اسٹارز موجود ہیں جو 30 سال کے ہونے کے باوجود اب تک سنگل ہیں اور مداح بے چینی سے ان کی شادی کا انتظار کررہے ہیں۔
مہوش حیات
مہوش حیات نے بطور چائلڈ اسٹار اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ جیسی سپر ہٹ فلم سمیت متعدد کامیاب پراجیکٹس میں کام کیا اور ان کی متعدد فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

تاہم، اداکارہ نے اب تک شادی نہیں کی اور وہ یہ واضح کرچکی ہیں کہ تب تک ’شادی نہیں کروں گی جب تک کوئی ایسا ساتھی نہ مل جائے جو ان کا اور ان کے کام کا احترام کرے‘۔
صبا قمر
صبا قمر نے بالی ووڈ میں بھی مرحوم اداکار عرفان خان کے ہمراہ ’ہندی میڈیم‘ جیسی ہٹ فلم دے چکی ہیں جب کہ پاکستان میں بھی وہ متعدد کامیاب ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔

اداکارہ نے اشارہ دیا ہے کہ انہیں اپنی زندگی کی محبت مل چکی ہے، مگر انہوں نے کبھی اس بارے میں زیادہ بات نہیں کی اور وہ اب تک سنگل ہیں۔
مایا علی
مایا علی ایک خوبصورت پاکستانی اسٹار ہیں جو اب بھی سنگل ہیں، انہوں نے ڈراموں اور فلموں دونوں میں شاندار کام کیا ہے۔ وہ ایک کامیاب برانڈ کی مالک بھی ہیں۔

بلال اشرف
بلال اشرف کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا سلمان خان کہا جاتا ہے کیوں کہ وہ بھی اب تک کنوارے ہیں، ماضی میں ان کا نام متعدد اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا گیا ہے تاہم اب انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

یمنیٰ زیدی
یمنیٰ زیدی نوجوانوں میں بے حد مقبول ہیں جس کی بنیادی وجہ ان کی اداکاری ہے کیوں کہ وہ کردار سے پراجیکٹ میں جان ڈال دیتی ہیں، انہوں نے بھی اب تک شادی نہیں کی اور وہ اس وقت اپنے کریئر کے عروج پر ہیں جس پر وہ توجہ دینا چاہتی ہیں۔

بلال عباس خان
بلال عباس خان کی اداکاری کو بھی مداح بے حد پسند کرتے ہیں، خاص طور پر ان کے سپر ہٹ ڈرامہ ’عشق مرشد‘ میں شاہ میر سکندر کے کردار کے بعد وہ دلوں کی دھڑکن بن گئے ہیں۔

حالانکہ اس ڈرامے کے بعد ان کے حوالے سے بہت قیاس آرائیاں کی گئیں کہ وہ بہت جلد اپنی آن اسکرین بیوی در فشاں سے شادی کرنے والے ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی باضاطہ اعلان نہیں ہوا۔
عدیل حسین
عدیل حسین بھی اُن پاکستانی ستاروں میں شامل ہیں جو اب تک سنگل ہیں، ان کے کئی دوست، جن میں ماہرہ خان اور شہریار منور شامل ہیں، شادی کرچکے ہیں۔ عدیل حسین کا ماننا ہے کہ وہ اسی وقت شادی کریں گے جب انہیں یہ درست لگے گا۔

عمران عباس
عمران عباس ایک اور پاکستانی سپر اسٹار ہیں جن کی شادی کے لیے مداح بے تاب ہیں، وہ محبت کے تصور کے حوالے سے کھلے دل کے حامل ہیں، اور ان کے مداح انہیں جلد کسی خاص کے ساتھ خوش دیکھنا چاہتے ہیں۔

عثمان خالد بٹ
عثمان خالد بٹ کو بھی متعدد پراجیکٹس میں ان کی اداکاری کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ ہمیشہ بہترین اسکرپٹس کا انتخاب کرتے ہیں۔ مداح منتظر ہیں کہ کب شادی شدہ ستاروں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

سجل علی
سجل علی نے نہ صرف بالی ووڈ بلکہ ہالی ووڈ میں بھی کام کیا ہے، انہوں نے کچھ عرصہ قبل ساتھی اداکار احد رضا میر سے شادی کی تھی، مگر بعد میں یہ رشتہ طلاق پر ختم ہو گیا، اب وہ سنگل ہیں۔

احد رضا میر
ایک اور بڑے پاکستانی اسٹار جو اس وقت سنگل ہیں، طلاق کے بعد ان کا نام مختلف اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔
