’’مشین گن جیسے ہونٹ‘‘ سے مشہور ٹرمپ کی سیکریٹری نے ماں بننے کا اشارہ دے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قریبی معاون کیرولین لیوٹ نے سوشل میڈیا کے ذریعے یہ خبر شیئر کی ہے


ویب ڈیسک December 30, 2025

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قریبی معاون کیرولین لیوٹ نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی ذاتی زندگی کی خوشخبری مداحوں اور فالوورز کے ساتھ شیئر کی ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ وہ جلد دوسری بار ماں بننے والی ہیں اور اس بار ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش متوقع ہے۔

کیرولین لیوٹ نے یہ اعلان انسٹاگرام پر ایک تصویر کے ذریعے کیا، جس میں وہ کرسمس ٹری کے ساتھ کھڑی دکھائی دے رہی ہیں اور ان کا بیبی بمپ نمایاں ہے۔

پوسٹ میں انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر اپنے خاندان میں اضافے پر بے حد خوش ہیں اور بے صبری سے اس لمحے کا انتظار کر رہے ہیں جب ان کا بیٹا ایک بڑے بھائی کے طور پر نئی ذمے داری محسوس کرے گا۔

اپنی پوسٹ میں کیرولین لیوٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوسی وائلز کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں نے نہ صرف ان کی حمایت کی بلکہ وائٹ ہاؤس میں ایک خاندان دوست ماحول کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا، جس سے کام اور ذاتی زندگی میں توازن قائم رکھنا ممکن ہوا۔

بعد ازاں فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیرولین لیوٹ نے ماں بننے کے تجربے کو الفاظ میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل خدا کے شکر سے بھرا ہوا ہے اور وہ سمجھتی ہیں کہ ماں بننا زمین پر جنت جیسا احساس پانے کے مترادف ہے۔

فاکس نیوز کے مطابق کیرولین لیوٹ اور ان کے شوہر نک کے ہاں دوسری اولاد مئی 2026 میں بیٹی کی صورت میں متوقع ہے۔ واضح رہے کہ کیرولین لیوٹ وائٹ ہاؤس کی تاریخ میں اس عہدے پر فائز ہونے والی سب سے کم عمر پریس سیکریٹری ہیں۔

کیرولین لیوٹ نے 2024 کی صدارتی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی نیشنل پریس سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں میڈیا سے جارحانہ سوالات کا پُراعتماد انداز میں جواب دینے کی وجہ سے وہ خاصی نمایاں ہوئیں۔ ان کی اسی بے باک اور تیز رفتار گفتگو کے باعث صدر ٹرمپ انہیں مزاحاً ’’مشین گن جیسے ہونٹ‘‘ کا لقب بھی دے چکے ہیں۔

 

مقبول خبریں