کوئٹہ:
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ زیارت سمیت پہاڑی علاقوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے متعدد علاقوں میں آج بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
زیارت اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ اسی طرح چمن کے علاقے توبہ اچکزئی میں بھی وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
کوئٹہ شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں کے علاوہ مستونگ، قلات، بولان، پشین اور نوشکی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، چاغی، قلعہ عبداللہ، دکی، لورالائی، حب اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی اطلاعات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے داخل ہونے کے بعد صوبے کے بیشتر اضلاع میں 31 دسمبر تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی کیفیت کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں مزید برفباری بھی متوقع ہے۔
ممکنہ برفباری کے پیش نظر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے قومی شاہراہوں پر 18 کیمپس قائم کر دیے ہیں۔ این ایچ اے حکام کے مطابق برف ہٹانے کے لیے مشینری اور تربیت یافتہ عملہ کیمپس میں موجود ہے۔ عوام کو بارش اور برفباری کے دوران احتیاط برتنے اور اوور اسپیڈنگ سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
چمن میں گزشتہ شب سے بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ بعض علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق گلدارہ باغیچہ میں گھروں کی دیواریں گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
توبہ اچکزئی، زیارت، کوئٹہ اور چمن شاہراہ کوژک ٹاپ پر برفباری کے باعث سڑک پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے، تاہم این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے کے اہلکار مشینری کے ذریعے سڑکوں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔