لاہور:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے پارٹی کی صوبائی تنظیم کی گزشتہ سال کی کارکردگی کی بنیاد پر سخت فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے بڑی تبدیلیوں کا اشارہ دیا اور کارکنان سے تعاون کی امید ظاہر کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے کہا کہ میں نے 28 جنوری کو چیف آرگنائزر پنجاب کا عہدہ سنبھالا اور میں ایک ایک کی کارکردگی اپنے کارکنان کے سامنے رکھوں گی۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کسی ریجن کسی ڈسٹرکٹ حتٰی کہ کسی یونین کونسل میں بھی کوئی نوٹیفکیشن میری مرضی سے نہیں ہوا۔
عالیہ حمزہ نے کہا کہ سب ریجنل صدور مجھ سے پہلے سے لگائے گئے ہیں اور ہر ضلعی تنظیم انہوں نے اپنی مرضی سے لگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی کارکردگی کی بنا پر میں کچھ سخت فیصلے کرنے جارہی ہوں اور امید ہے کہ آپ سب میرا ساتھ دیں گے۔
