پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے میچز کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے جس کے بعد انہیں پاکستان واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے بی بی ایل میں کھیلتے ہوئے شاہین آفریدی ہفتہ 27 دسمبر کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ میں گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی جس کے بعد انہیں واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
شاہین شاہ آفریدی ممکنہ طور پر بدھ کو وطن واپس آجائیں گے۔ ان کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ری ہیب پروگرام تشکیل دیا جائے گا جبکہ برسبین ہیٹ نے جاری پیغام میں کہا ہے کہ ٹیم کی ایڈیلیڈ سے واپسی پر شاہین آفریدی کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔
شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر پیغام میں بتایا کہ غیر متوقع طور پر انجری کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں وطن واپس بلا لیا ہے اور وہ اب پاکستان میں ری ہیب (معالجہ و بحالی) مکمل کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی وہ دوبارہ کھیل کے میدان میں واپس آئیں گے۔
فاسٹ بولر نے اپنے پیغام میں برسبین ہیٹ اور اپنے فینز کا تعاون اور سپورٹ کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔