اڈیالہ جیل کے قریب بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا دھرنا، پولیس ایکشن پر بیشتر کارکنان منتشر

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا فیکٹری ناکے پر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان، چند کارکنان لوٹ کر آگئے


ویب ڈیسک December 30, 2025
فوٹو اسکرین گریپ

راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا دینے والی بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور تحریک انصاف کے کارکنان کو منتشر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے پر ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ، عظمی اور نورین خان نے اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر دھرنا دیا۔

پولیس نے تینوں بہنوں، پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کو فیکٹری ناکے سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد علیمہ خان کی قیادت میں دونوں بہنوں نے دھرنا دیا اور اُن سے اظہار یکجہتی کیلیے تحریک انصاف کے کارکنان و رہنماؤں کی بڑی تعداد پہنچی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر قائدین بھی فیکٹری ناکے پر پہنچے اور بانی کی بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تاہم دیگر قیادت کے نہ آنے پر علیمہ خان ناراض ہوئیں اور انہوں نے کہا کہ اتنی بھی مصروفیت نہیں ہوتی کہ کوئی آدھا گھنٹہ نکال کر یہاں نہ آسکے، سب کو اڈیالہ جیل پہنچنا چاہیے۔

پولیس نے مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر ہونے کی ہدایت کی اور پھر علیمہ خان و پی ٹی آئی قائدین کے ساتھ مذاکرات کیے اور شرکا کو ایک گھنٹے میں منتشر ہونے کی ہدایت کی، وقت گزر جانے پر پولیس نے پیش قدمی کی تو پی ٹی آئی کے کارکنان منتشر ہوگئے۔

کارکنان کے منتشر ہونے کے باوجود تین بہنوں نے دھرنا ختم کر کے واپس جانے سے انکار کیا۔ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم سب کو کہہ رہے ہیں کہ وہ یہاں سے چلے جائیں کیونکہ ہم یہاں اکیلے رہیں گے تو کچھ نہیں کیا جائے گا اور یہ پولیس والے جو مرضی کرلیں ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے دھرنا جاری رکھنے پر چند کارکن واپس لوٹ کر آگئے تاہم پولیس کی مسلسل پیش قدمی سے کارکنوں کی بڑی تعداد فیکٹری ناکے سے دور چلی گئی۔

مقبول خبریں