پنجاب کی 98 تحصیلوں میں اسمارٹ سیف سٹیز کے قیام کے منصوبے پر دستخط

فیز ٹو کے تحت دیگر 19 شہروں میں 31 مارچ تک اسمارٹ سیف سٹیز کی تکمیل ہوگی


ویب ڈیسک December 31, 2025

لاہور:

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا محفوظ پنجاب کا خواب تعبیر کی جانب گامزن ہے اور اسی سلسلے کے تحت پنجاب کی 98 تحصیلوں میں اسمارٹ سیف سٹیز کے قیام کے منصوبے پر دستخط کر دیے گئے۔

سینٹرل پولیس آفس میں معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

ترجمان سیف سٹی کے مطابق ایم ڈی نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) بریگیڈیئر عظمت شبیر اور ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت این آر ٹی سی پنجاب کی 98 تحصیلوں میں 31 دسمبر 2026ء تک اسمارٹ سیف سٹیز قائم کرے گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز کیپٹن (ر) مستنصر فیروز، سی پی ایل او عبد اللہ احمد، ایس ایس پی سیف سٹی محمد افضل سمیت دیگر افسران موقع پر موجود تھے۔ جی ایم این آر ٹی سی بریگیڈئر (ر) زاہد میتلا، جنرل مینجر بریگیڈئر (ر) شاہد منظور، جنرل مینجر سید عامر جاوید، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئر (ر) مظفر احمد سمیت این آر ٹی سی کے دیگر عہدیداران بھی موقع پر موجود تھے۔

ایم ڈی سیف سٹی احسن یونس کے مطابق این آر ٹی سی کے ساتھ معاہدے کے تحت فیز ون میں ملتان شیخوپورہ، سیالکوٹ، جہلم، اٹک، سرگودھا اور ڈی جی خان سمیت 18 شہروں میں اسمارٹ سیف سٹیز پراجیکٹ 100 فیصد مکمل ہو چکے ہیں۔ فیز ٹو کے تحت دیگر 19 شہروں میں 31 مارچ تک اسمارٹ سیف سٹیز کی تکمیل ہوگی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کے حکم پر تحصیل کی سطح پر سیف سٹی کی تکمیل سے پنجاب کو مزید محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

مقبول خبریں