عمران خان سزا پوری کریں، مذاکرات میں رِہائی پر بات نہیں ہوگی، گورنر پخونخوا

بانی پی ٹی آئی کو کسی صورت این آر او نہیں دیا جائے گا، پی ٹی آئی طے کرلے اصل اختیار کس کے پاس ہے؟ فیصل کریم کنڈی


ویب ڈیسک December 31, 2025

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ عمران خان پانی سزا پوری کریں، پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں رِہائی سے متعلق بات نہیں ہوگی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اپنی سزا مکمل طور پر بھگتیں گے اور انہیں کسی صورت این آر او نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سے مذاکرات ہوتے بھی ہیں تو ان میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی زیر بحث نہیں آئے گی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے معاملے پر اب تک پیپلزپارٹی سے کوئی بات نہیں کی گئی، اگر واقعی سنجیدہ مذاکرات کی بات ہوتی تو چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اس حوالے سے بیان دیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ماضی میں بھی اس جماعت نے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک شخص کے لیے پورے صوبے کو تباہ کیا ہوا ہے۔ پارٹی کو چاہیے کہ وہ صوبے کے عوام پر بھی توجہ دے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی 16 ماہ کی حکومت کے دوران اتحادی جماعتوں اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا گیا، تاہم اس کے بعد 9 مئی کے واقعات پیش آئے جن سے سیاسی ماحول مزید خراب ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ اس بات کی حامی رہی ہے کہ سیاسی مسائل کا حل سیاستدان خود نکالیں، لیکن پی ٹی آئی قیادت کا طرزعمل متضاد ہے۔ ایک طرف مذاکرات کی بات کی جاتی ہے اور دوسری طرف بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد پر چڑھائی سے متعلق اشتعال انگیز بیانات سامنے  آتے ہیں، جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بناتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی کو یہ طے کرنا ہوگا کہ اصل اختیار کس کے پاس ہے، کیونکہ پارٹی کے اندر ایک دوسرے پر اعتماد کی کمی واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی میں امپورٹڈ لیڈرز پر کام شروع ہو چکا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے نام دیے گئے، جن کے بارے میں خود پی ٹی آئی کو معلوم نہیں کہ ان کی سیاسی ایکسپائری کب ہے۔

مقبول خبریں