کراچی:
نیاسال 2026 مبارک! ملک بھرکے مختلف شہروں میں جشن اور آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں رات 12 بجتے ہی آتش بازی اور بھرپور جشن کے ساتھ ہی نئے سال کا استقبال کیا گیا۔
کراچی میں گورنر ہاؤس میں سال نو کی شان دار تقریب منعقد کی گئی جہاں سال 2026 کے استقبال کے لیے آتش بازی کی گئی اور عوام کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔
میئر کراچی مرتضی وہاب نئے سال کا جشن منانے باغ ابن قاسم پہنچے، میوزیکل نائٹ میں گلو کاروں نے علاقائی زبانوں میں لوک موسیقی کا مظاہرہ کیا اور 12 بجتے ہی آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نئے سال کا بھرپوراستقبال کیا گیا، شہری گھروں سے نکل آئے، ایکسپریس وے پر امارات ڈاؤن ٹاؤن بلڈنگ سے شان دار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان پر رنگ برنگی روشنیاں بکھر گئیں۔
شہریوں کی جانب سے نئے سال کا استقبال بارش اور سرد موسم میں بھی جاری رہا، بارش کا سلسلہ کبھی رم جھم اور کبھی تیزی سے مسلسل جاری رہا، خواتین، بچے اور جوان چھتریاں لیے گرم کپڑے پہنے ایکسپریس وے پر پہنچ گے۔
تیز بارش اور سردی بھی من چلوں کو نہ روک سکی، موٹرسائیکلوں پر سوار نوجوانوں کی بڑی تعداد سواں گارڈن گیٹ کے سامنے موجود رہی۔
لاہور میں نئے سال کا جشن لبرٹی چوک پر شا ندار آتش بازی کے مظاہرہ منایا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد لبرٹی چوک پر موجود تھی، آتش بازی کا اہتمام حکومت پنجاب کی جانب سے کیا گیا۔
نئے سال کے جشن کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں پولیس کی بھاری نفری اور ٹریفک وارڈنز بھی لبرٹی چوک میں تعینات رہی۔