اہلیان وطن کو  نئے سال کی خوشیاں مبارک، وزیراعظم شہباز شریف کا سال نو کا پیغام

2025 کا سال دفاع وطن کے اعتبار  سےتاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف


ویب ڈیسک December 31, 2025
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو نئے سال 2026 کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2025 کا سال دفاع وطن کے اعتبار  سےتاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سال 2026 کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام اہلیان وطن کو  نئے سال کی خوشیاں مبارک ہوں، اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہیں کہ نئے سال کا سورج خوشیوں ،خوش حالی اور اللہ کے فضل و کرم  لیے طلوع ہو۔

شہباز شریف نے کہا کہ خدا کرے کہ نئے سال کا ہر دن ملکی سالمیت، قومی ہم آہنگی جیسی اقدار کومضبوط تر کرے اور معاشی آسودگی، سماجی اور معاشرتی خوش حالی کی نوید لے کر آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2025 کا سال دفاع وطن کے اعتبار  سےتاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، جب مسلح افواج اور قوم نے شانہ بشانہ دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے معرکہ حق میں تاریخ رقم کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں نے فضائی حدود کا ایسا ناقابل تسخیر دفاع کیا جو دنیا کے لیےمثالی کامیابی اور دنیا کے جنگجووں کے لیے نصابی سطح پر سبق آموز مقابلہ تھا، ان شااللہ پوری قوم اپنی دلیر، بہادر اور باصلاحیت افواج کے ساتھ مل کر ملک کے دفاع میں ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس دہشت گردی کے حملوں میں مادر وطن کے لیے اپنی جان کی قربانی پیش کرنے والے شہدا کو بھی پوری قوم کی طرف سے آج کے دن خصوصی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کی معاشی خوش حالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور حالیہ معاشی اعشاریوں میں بہتری حکومت کی درست اور مثبت سمت کی عکاس ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس شروع کیے گئے انقلابی معاشی اصلاحات و اقدامات کو مزید تیز رفتار اور بہترین انداز میں اس سال عزم نو کے ساتھ ان شااللہ جاری رکھیں گے تاکہ عوام کی معاشی خوش حالی کے لیے مؤثر عملی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ نئے سال کے موقع پر ہم دست دعا ہیں کہ دنیا بھر میں انسانیت کی عزت و تکریم، تحفظ، امن و سلامتی، باہمی آہنگی، رواداری اور بقائے باہمی جیسے سنہری معاشرتی اقدار کے فروغ کے لیے ہر اکائی اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس عہد کی تجدید کرتا ہے کہ وہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنی پرخلوص کاوشوں کو جاری رکھے گا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف آج کے دن میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لیےخیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی پاکستان کو دہشت گردی، فرقہ واریت، جرائم اور معاشرتی تقسیم جیسے شر سے  محفوظ رکھے، خدا کرے کہ نیا سال پاکستان معاشرتی و سیاسی ہم آہنگی، خوش حالی اور استحکام کا گہوارہ رہے۔

مقبول خبریں