اسلام آباد میں شہریوں کی سہولت کے لیے مزید منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جس میں اسمارٹ انڈر پاس، فائیو اسٹار ہوٹل اور اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم سمیت دیگر پراجیکٹس شامل ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خصوصی اجلاس ہوا۔ طویل اجلاس میں عوام کی فلاح و بہبود کے متعدد پراجیکٹس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم بنے گا جس کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی نے 10 روز میں اسٹیڈیم کا حتمی ڈائزین طلب کر لیا۔
نیشنل پارک کے لیے مخصوص ایریا مختص کرنے اور اسلام آباد میں جدید طرز پر سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اس کے علاوہ کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی کے لیے ’’اسمارٹ انڈر پاس‘‘ کی تعمیر کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے 10 روز میں اسمارٹ انڈر پاس کا حتمی ڈائزین طلب کر لیا۔ اسلام آباد میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں عرصہ دراز سے خالی کمرشل پلاٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیڈ کوارٹر کے لیے بھی اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا، واگزار کرائی اراضی کا مفاد عامہ کے لیے بہترین استعمال کیا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیڈرل کانسٹیبلری، رینجرز اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈکوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بریفنگ دی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ٹی او، ایس ایس پی آپریشنز، سی ڈی اے کے ممبران اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔