16 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کردی جائے گی، الیکشن کمیشن

446 اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی نے ڈیڈ لائن تک گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان


ویب ڈیسک January 01, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ ڈیڈ لائن تک 446 اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی نے گوشوارے جمع نہیں کرائے ہیں اور16 جنوری 2026 تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی  رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ہر سال 31 دسمبر تک اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی جانب سے اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے گوشوارے جمع کرانے لازمی ہوتے ہیں۔

اعلامیے میں کہاگیا کہ انتخابی قانون 2017 کی شق 137 کے تحت 15 جنوری تک ان ارکان کو مہلت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے گوشوارے جمع کرائیں تاہم اس میں ناکام رہنے والے اراکین کی رکنیت 16 جنوری سے معطل کر دی جاتی ہے لیکن گوشوارے جمع کرانے پر ان کی رکنیت بحال کر دی جاتی ہے۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سینیٹ کے 26، قومی اسمبلی کے 125، پنجاب اسمبلی کے 159، سندھ اسمبلی کے 62، خیبرپختونخوا اسمبلی کے 48 اور بلوچستان اسمبلی کے 26 اراکین کی جانب سے ان کے اپنے اور زیر کفالت افراد کے مالی سال 25-2024 کے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع نہیں کرائے گئے ہیں لہٰذا 16 جنوری 2026 سے ان ارکان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔

مقبول خبریں