پشاور:
خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ کمیشن کا 41 واں اجلاس چیئرمین مینا خان آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ممبر احمد کریم کنڈی سمیت تمام ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں ویلج کونسل متر واڑی اپر دیر کے چئیرمین خان زیب سے متعلق کرمنل کیسز پر کمیشن نے بحث کی اور مذکورہ چیئرمین کیخلاف محکمہ بلدیات کے تحت انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کے اگلے اجلاس میں مذکورہ ویلج کونسل چیئرمین سے متعلق انکوائری مکمل کرکے پیش کی جائے۔
کمیشن نے فیصلہ کیا کہ افغان باشندوں کو برتھ سرٹیفیکیٹ جاری کرنے والے ایک ویلج کونسل چئیرمین اور سیکرٹری کو ذاتی حیثیت میں سننے کے لیے بلایا جائے۔
ویلج کونسل چئیرمین دوبندی ملاکنڈ کو غیرحاضری کی بنیاد پر چئیرمین شپ سے ہٹانے کے ایشو پر متعلقہ ویلج کونسل چئیرمین، سیکرٹری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ذاتی حیثیت میں بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں تحصیل ناظم انعام اللہ خان سے متعلق عدالتی فیصلے کی بھی توثیق کر دی گئی۔
چئیرمین کمیشن مینا خان آفریدی نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پورے سال کے لیے کمیشن اجلاس بلانے کا ٹائم ٹیبل جاری کیا جائے۔ اب باقاعدگی سے لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی ہر صورت ممکن بنائیں گے۔