اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن میں تاخیر کا امکان ہے جب کہ حکومت نے قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں سی سی ایل سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، جس میں ایک بار پھر تاخیر کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد میں وارڈز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جب کہ ذیلی کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔