امریکا کے نیوجرسی میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک چور نے گٹار اسٹور سے چوری شدہ تمام اشیا واپس کر دیں اور معافی نامہ بھی چھوڑا۔ چور نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ وہ نشے میں تھا اور اسٹور مالک کے لیے نیک خواہشات بھی بھیجیں۔
لارک اسٹریٹ میوزک کے مالک بزی لیوائن کے مطابق، چور نے دو مینڈولینز جو پہلے چوری کی گئی تھیں، واپس اسٹور میں رکھ دیں۔ مالک نے بتایا کہ وہ دروازے کی طرف بھاگا تو چور سڑک کی طرف بھاگ چکا تھا۔ بعد ازاں اس نے پولیس کو اطلاع دی تاکہ چور کو پکڑنے کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
لیوائن نے اسٹور کے فیس بک پیج پر چور کے معافی نامے اور واپسی کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ اس میں چور نے لکھا تھا کہ ’’معاف کرنا، میں نشے میں تھا، میری کرسمس، تم اچھے آدمی ہو۔‘‘
اسٹور کے مالک نے کہا کہ قیمتی سامان کی واپسی کے بعد منظر بالکل فلمی سین جیسا محسوس ہوا۔ چوری شدہ آلات کی قیمت تقریباً 22 لاکھ پاکستانی روپے (7750 ڈالر) تھی۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گیا اور صارفین نے چور کی غیر معمولی واپسی پر حیرت کا اظہار کیا۔