سر پر ٹوپی، ہاتھ میں تسبیح، جاوید اختر اپنی ہی وائرل ویڈیو پر برہم

ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ جاوید اختر خدا کی طرف مائل ہوگئے ہیں


ویب ڈیسک January 03, 2026

بھارت کے معروف اسکرین رائٹر اور شاعر جاوید اختر نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنائی گئی اپنی ویڈیو پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے قانونی کارروائی پر غور شروع کردیا۔  

سوشل میڈیا پر بھارت کے مسلمان شاعر جاوید اختر کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ان کے سر پر ٹوپی، ہاتھ میں تسبیح اور کاندھے پر سرخ رنگ کا رومال موجود ہے۔ 

جاوید اختر کی یہ ویڈیو ان کے حالیہ مناظرے کے بعد سامنے آئی، لائیو ٹی وی پر ’خدا کے وجود‘ سے متعلق اس مناظرے میں مذہبی اسکالر اور وحیین فاؤنڈیشن کے بانی مفتی شمائل ندوی اور مصنف جاوید اختر آمنے سامنے تھے۔

تاہم، اس مناظرے کے دوران جاوید اختر پر شدید تنقید کی گئی کیوں کہ وہ کسی بھی ایک سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور نہ ہی اس مناظرے میں کوئی واضح دلیل پیش کرسکے۔

یاد رہے کہ جاوید اختر مختلف پلیٹ فارمز پر کئی بار یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ خدا اور کسی مذہب پر یقین نہیں رکھتے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کی اپنی پوسٹ میں جاوید اختر نے ’اے ائی‘ سے بنائی گئی اس ویڈیو پر شدید تنقید کی گئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ ’خدا کی طرف مائل ہو گئے ہیں‘۔ 

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں 80 سالہ جاوید اختر کی کمپیوٹر سے تیار کردہ تصویر دکھائی گئی ہے جس میں انہوں نے ٹوپی پہن رکھی ہے، ان کے ہاتھ میں تسبیح اور کاندھے پر سرخ رنگ کا رومال ہے۔ 

اپنی پوسٹ میں جاوید اختر کا کہنا تھا کہ ایک جعلی ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں میری کمپیوٹر سے تیار کردہ جعلی تصویر دکھائی گئی ہے، سر پر ٹوپی ہے اور یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بالآخر میں خدا کی طرف مائل ہو گیا ہوں۔ یہ سراسر بکواس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں سنجیدگی سے اس بات پر غور کر رہا ہوں کہ اس معاملے کو پولیس کو رپورٹ کروں اور اس جعلی خبر کے ذمہ دار شخص اور اسے آگے پھیلانے والوں کو میری ساکھ اور اعتبار کو نقصان پہنچانے پر عدالت میں گھسیٹا جائے۔

 

مقبول خبریں