چیئرمین پی سی بی کی خواتین کھلاڑیوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا دینے کی ہدایت

عالمی ویمن کب کرکٹ ٹورنامنٹ کو سامنے رکھ کر تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے، چیئرمین پی سی بی


زبیر نذیر خان January 03, 2026
AI Image

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خواتین کھلاڑیوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا دینے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائم حنیف محمد ریجنل ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا۔

انہوں نے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کے لیے جاری تربیتی کیمپ کا معائنہ کیا۔

چئیرمین پی سی بی نے اس موقع پر تربیت فراہم کرنے والے کوچز اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔

انہوں نے تربیت کے حوالے سے استسفار کیا اور خواتین کھلاڑیوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا دینے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ زیر تربیت ویمن کرکٹرز کو ٹریننگ کے دوران بہترین سہولتیں کی فراہم کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیمپ میں بہترین کوچز کی تربیت شاندار ہے، کھلاڑیوں کو بھی بھرپور محنت کر کے مطلوبہ نتائج فراہم کرنے ہوں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنے اندر جذبے اور عزم کے مقابلے کا رجحان پیدا کرنا ہوگا، بھرپور محنت کامیابی کی جانب لے کر جاتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ عالمی ویمن کب کرکٹ ٹورنامنٹ کو سامنے رکھ کر تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے، عملی مشقوں، فزیکل فٹنس اور تیکنیکی سطح پر بھرپور توجہ دی جائے کیونکہ جسمانی طور پر مکمل فٹ ہونا لازمی ہے۔

کوچز نے چیئرمین پی سی بی کو کیمپ میں جاری ٹریننگ کی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اس موقع پر ہیڈ کوچ وہاب ریاض، عبدالرحمان، عمران فرحت اور دیگر موجود تھے۔

واضح رہے کہ دورہ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ نیشنل اکیڈمی کے کوچزکی زیر نگرانی حنیف محمد ریجنل پرفارمنس سینٹر پر جاری ہے۔

اسکلز اور فٹنس کیمپ میں قومی ویمن ون ڈے ٹورنامنٹ کی نمایاں 36 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔

کیمپ کے دوران ہی 10 فروری سے یکم مارچ تک دورہ جنوبی افریقا میں تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ اسکواڈ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

کیمپ میں مدعو کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انعم امین، انوشہ ناصر، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، دعا ماجد، ایمن فاطمہ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، گل رخ، حفصہ خالد، حمنہ بلال، حورینہ سجاد، لبنیٰ بہرام، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجہیہ علوی، نشرح سندھو، نتالیہ پرویز، نیہا شرمیم، نورین یعقوب، عمائمہ سہیل، رامین شمیم، ردا اسلم، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، سیدہ معصومہ زہرا، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی، وحیدہ اختر اور یسریٰ عامر شامل ہیں۔

مقبول خبریں