امریکا کے وینزویلا پر فضائی حملے، زمینی فوج بھی اتارنے کی تیاری

دھماکوں کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور آسمان میں دھواں اُٹھتا ہوا دیکھا گیا


ویب ڈیسک January 03, 2026

امریکا نے وینیزویلا کے دارالحکومت کاراکاس اور کئی ریاستوں پر فضائی حملے کردیے ہیں جس میں ملک کی اہم فوجی تنصیبات اور وزارت دفاع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینیزویلا پر حملوں کا حکم دے دیا ہے۔ دارالحکومت کاراکاس میں کم از کم سات زور دار دھماکے سنے گئے۔ شہریوں نے نچلی فضا میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر سی ایچ 47 چینوک کو بھی اُڑتے ہوئے دیکھا جس کے بعد امریکی دھمکیوں کے حوالے سے جنگ کے شبہات مزید بڑھ گئے ہیں۔

دھماکوں کے بعد کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور آسمان میں دھواں اُٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق امریکی حملے میں وینیزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرینو لوپیزکے گھر کو نشانہ بنایا گیا ہے جس کے بعد وزیر دفاع سے رابطہ نہیں ہو پارہا ہے۔

وینیزویلا کے صدر نیکولس مادورو کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ وینیزویلا کی بکتربند گاڑیاں صدارتی محل کے گرد گشت کررہی ہے۔ وینیزویلا کے صدر کا کہنا ہے کہ امریکا وینیزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرنا چاہتا ہے مگر وہ اس میں ناکام رہے گا۔

دوسری جانب امریکی میرینز کی وینیزویلا کے اندر زمینی کارروائیوں کی بھی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

 

وینیزویلا کے صدر نیکولس مادورو کی جانب سے نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وینزویلا پر حملوں سے قبل امریکی صدر فلوریڈا میں اپنی مار-اے-لاگو رہائش گاہ پر تھے جہاں انہوں نے 2 جنوری کی شام کو قومی سلامتی سے متعلق بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ نے وینیزویلا پر حملوں کی تصدیق کردی

اس بریفنگ میں صدر کی متعدد اعلیٰ مشیران کے ساتھ طویل بات چیت رہی۔ وال اسٹریٹ جرنل کے حوالے سے ایک ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ امریکا وینیزویلا میں آپریشن کر رہا ہے۔

علاوہ ازیں ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی فوجی طیاروں کے وینیزویلا کی فضائی حدود سے نکل جانے کے بعد وائٹ ہاؤس کی طرف سے ایک سرکاری بیان جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور وینیزویلا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے خاص طور پر امریکا کی جانب سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں اور وینیزویلا پر دباؤ ڈالا جارہا تھا۔

 

مقبول خبریں