ادارے تباہ ہو چکے لیکن ظلم کی رات ختم اور عدل کا سورج طلوع ہوگا، اعظم سواتی

خان صاحب نے مجھے کہا تھا کہ جا کر بات چیت کروں، اللہ کرے کہ ہمارے مزاج بدلیں، رہنما پی ٹی آئی


ویب ڈیسک January 03, 2026

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ اب پارٹی کی نئی لیڈر شپ ہے، میں نے ان پر بھروسہ کیا ہوا ہے، دیکھتا ہوں یہ کیا کرتے ہیں، 6 /7 جنوری کو سینٹ میں تقریر کرکے ذاتی لائحہ عمل پیش کروں گا۔

سینیٹر اعظم سواتی نے اے ٹی سی میں زیر سماعت نو مئی کے مقدمات میں پیشی کے بعد باہر موجود میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ظلم کی رات ختم اور عدل کا سورج طلوع ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہر لحاظ سے آگے جانا چاہیے، ادارے تباہ ہو چکے لیکن کوشش کرنی چاہیئے کہ یہ ملک بن اور بچ جائے، اسی لیئے خان صاحب نے مجھے کہا تھا کہ جا کر بات چیت کروں، اللہ کرے کہ ہمارے مزاج بدلیں۔

حالات کو دیکھیں اس کے مطابق ملک اور اداروں کو بچانے کی کوشش کریں۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ خان صاحب نے کیا ٹاسک دیا تھا کہ مذاکرات میں یہ بات کریں؟ کے جواب میں اعظم سواتی نے کہا کہ میری رسائی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں آخری مرتبہ 2 اپریل 2025 کو آخری مرتبہ ان سے ملا تھا، میں نے خان صاحب کو کہا تھا کہ مجھے اپنی پارٹی والے نہیں چھوڑیں گے، اب جو لوگ ملتے ہیں پیغام لے کر آتے ہیں کہ وہ اس پاکستان کو کدھر لے کر جانا چاہتے ہیں۔

مقبول خبریں