صدر مملکت اور وزیراعظم کی تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد

تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے لیے مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے


ویب ڈیسک January 03, 2026

اسلام آباد:

صدر مملکت اور وزیرعظم نے پاک فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان فضائیہ کو کامیاب تجربے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی سطح پر جدید ہتھیاروں کی تیاری قومی صلاحیت، عزم اور ادارہ جاتی مہارت کی واضح عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اس کامیابی سے ملکی دفاع مزید مضبوط اور خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی ذمہ دارانہ دفاعی پالیسی کو تقویت ملی ہے۔ یہ کامیابی قومی دفاع میں خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

اپنے بیان میں صدر زرداری نے سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کی محنت، پیشہ ورانہ لگن اور قومی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے مبارکباد

وزیراعظم محمد شہباز شریف   نے بھی پاکستان فضائیہ کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کامیاب  تجربے پر پاک فضائیہ کو  مبارک باد دینے کے ساتھ ساتھ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور میزائل سسٹم پر کام کرنے والے سائنسدانوں کو خراج تحسین  پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے  پاک فضائیہ کی پیشہ  مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم کی پذیرائی کی اور کہا کہ تیمور ویپن سسٹم کی بدولت ملک کا دفاع مزید مستحکم ہو گا ۔  کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کی نشاندہی کرتا ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتا ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ کی مبارکباد

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تیمور ویپن سسٹم  کے کامیاب تجربے پر پاکستان ایئرفورس کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تیمورویپن سسٹم پاکستان ایئر فورس کا ایک نمایاں کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں آزمائی ہوئی ہیں۔ پاک فضائیہ نے حال ہی میں اپنی صلاحیتوں سے دشمن کے دل میں  دھاک بٹھائی ہے۔ تیمور ویپن سسٹم دفاعی صلاحیتوں میں خود انحصاری کا اعلان ہے۔ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر  ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شریک یونٹس، سائنسدانوں ، انجینئرز کی اہم خدمات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

مقبول خبریں