ایکسپو سینٹر کراچی میں دو روزہ "میرا برانڈ پاکستان" نمائش کا آغاز

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے نمائش کا افتتاح کیا


ویب ڈیسک January 03, 2026

کراچی:

ایکسپو سینٹر کراچی میں پاکستانی برانڈز کی دو روزہ نمائش "میرا برانڈ پاکستان" کا آغاز ہوگیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے نمائش کا افتتاح کیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ، سینئر نائب صدر فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ثاقب فیاض مگوں، صدر میرا برانڈ پاکستان سہیل عزیز، سابق صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

نمائش میں 700 سے زائد برانڈز شریک ہیں جہاں دیدہ زیب ملبوسات، عبایا، جیولری، ہربل اور آرگینک مصنوعات، گھریلو اشیاء، فوڈ اسٹالز سمیت متنوع اور معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔

خواتین کیلئے خصوصی طور پر خدیجہ الکبریٰ بزنس حب بھی قائم کیا گیا ہے، نمائش میں خواتین کاروباری شخصیات اور گھریلو صنعت سے وابستہ ہنرمند خواتین اپنی تیار کردہ مصنوعات عوام کے سامنے پیش کر رہی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا برانڈ پاکستان کا آئیڈیا اسرائیل کے ظلم کی وجہ سے شروع ہوا، ہم چاہتے ہیں کہ مسلم ممالک بھی اپنی مصنوعات یہاں لیکر آئیں، پاکستان میں ایسی پراڈکٹس موجود ہیں جن کا معیاربہت اچھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوکل باڈیز کو مضبوط اور معیشیت کو بہتر کیا جائے، انڈسٹری کوبجلی مہنگی مل رہی ہے، ایک صاحب آئے تھے کہتے تھے ہم سندھ سے سسٹم ختم کردیں گے لیکن پھر وہ اسلام آباد سسٹم لیکر چلے گئے۔

مقبول خبریں