کیا استری جل کر سیاہ ہوگئی ہے؟ یہ محفوظ اور آسان طریقہ استری کو نیا کردے گا

کھرچنے سے استری کے نیچے موجود حفاظتی تہہ خراب ہوجاتی ہے اور سیاہ دھبے مزید پھیل سکتے ہیں


ویب ڈیسک January 03, 2026

اکثر گھروں میں روزمرہ استعمال کے باعث استری کے نیچے سیاہ نشانات بن جاتے ہیں، جو نہ صرف اس کی کارکردگی متاثر کرتے ہیں بلکہ کپڑوں پر بھی داغ چھوڑ دیتے ہیں۔

عام طور پر خواتین ان نشانات سے نجات کے لیے چھری یا چمچ جیسی سخت چیزوں سے استری کو رگڑ دیتی ہیں، مگر ماہرین کے مطابق یہ طریقہ فائدے کے بجائے نقصان کا باعث بنتا ہے کیونکہ اس سے استری کے نیچے موجود حفاظتی تہہ خراب ہوجاتی ہے اور سیاہ دھبے مزید پھیل سکتے ہیں۔

ماہرین گھریلو ٹوٹکوں کے مطابق استری صاف کرنے کا ایک نہایت آسان اور مؤثر طریقہ پینا ڈول ایکسٹرا یا پیراسیٹامول کی گولیوں کے ذریعے بھی اختیار کیا جاسکتا ہے، جو استری کی سطح کو نقصان پہنچائے بغیر کالے نشانات ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

اس طریقے کے لیے سب سے پہلے استری کو آن کرکے اچھی طرح تیز گرم کرلیا جائے۔ اس کے بعد پینا ڈول ایکسٹرا یا پیراسیٹامول کی گولیوں کا ایک مکمل پیکٹ اپنے پاس رکھیں، کیونکہ گولیاں ایک ایک کرکے استعمال کی جائیں گی۔

جب استری مکمل طور پر گرم ہوجائے تو ایک ٹشو پیپر کی مدد سے گولی کو پکڑیں اور استری کے نیچے موجود سیاہ نشانات پر آہستگی سے رگڑیں۔ اگر چاہیں تو گولی کو نشانات کے اوپر رکھ کر چند لمحے چھوڑ بھی سکتے ہیں۔ جیسے ہی گولی پگھلنے لگے گی، سیاہ دھبے بھی نرم ہو کر ختم ہونا شروع ہوجائیں گے، جنہیں کپڑے کی مدد سے صاف کیا جاسکتا ہے۔

اس عمل کے دوران واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کالے نشانات خود بخود پگھلتے جا رہے ہیں۔ بہتر نتائج کے لیے استری کو وقفے وقفے سے صاف کپڑے سے پونچھتے رہیں اور ضرورت کے مطابق دوبارہ گولی استعمال کرتے جائیں، یہاں تک کہ استری مکمل طور پر صاف ہوجائے۔

احتیاطی طور پر یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ استری تیز گرم رہے، اگر وہ ٹھنڈی ہونے لگے تو دوبارہ گرم کرلیں۔ اس کے علاوہ گولی کو ہمیشہ ٹشو پیپر یا کسی محفوظ چیز سے پکڑیں تاکہ ہاتھ جلنے سے محفوظ رہیں۔ اس آسان طریقے پر عمل کر کے بغیر کسی نقصان کے استری کو دوبارہ نئی جیسا بنایا جاسکتا ہے۔

مقبول خبریں