بنگلہ دیش کا ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرانے پر غور

ہنگامی مشاورت میں مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا


ویب ڈیسک January 03, 2026

فاسٹ بولر مستفیض کو آئی پی ایل سے نکالنے کے معاملے پر بنگلہ دیش نے بھارت میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز کو سری لنکا منتقل کرانے پر غور شروع کر دیا۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے نکالنے کے معاملے پر فوری مشاورت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ہنگامی مشاورت میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر باقاعدہ بورڈ میٹنگ بلانا ممکن نہیں، تاہم متعلقہ حکام کے ساتھ ہنگامی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشاورت کا مقصد موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا اور اصل حقائق سامنے لانا ہے جبکہ بورڈ کی اولین ترجیح کرکٹرز کی حفاظت اور سیکیورٹی ہے۔ امین الاسلام کے مطابق اس سلسلے میں مختلف متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سیکیورٹی کی یقین دہانی کے لیے آئی سی سی سے بات کرے گا۔ بی سی بی کا مؤقف ہے کہ سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ بنگلا دیش اپنے میچز سری لنکا میں کھیلنے کے آپشن پر بھی غور کر سکتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے بعض انتہا پسند عناصر کے دباؤ میں آ کر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد شاہ رخ خان کی ملکیت کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر کو ٹیم سے فارغ کر دیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے۔ گروپ سی میں شامل بنگلا دیش کے چار میں سے تین میچز کولکتہ جبکہ ایک میچ ممبئی میں رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کے ساتھ پاکستان گروپ اے میں شامل ہے اور پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔

 

مقبول خبریں