ظہران ممدانی نے وینزویلا پر امریکی حملے کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دے دیا

خودمختار ملک پر یکطرفہ حملہ کرنا جنگ کے مترادف ہے، میئر نیویارک


ویب ڈیسک January 03, 2026

نیویارک:

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے وینزویلا پر مبینہ امریکی حملے اور صدر نکولس مادورو و ان کی اہلیہ کی گرفتاری کے اعلان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ انہیں امریکی آپریشن اور صدر مادورو و ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کو نیویارک سٹی میں وفاقی تحویل میں رکھنے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی خودمختار ملک پر یکطرفہ حملہ کرنا جنگ کے مترادف ہے اور یہ وفاقی اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں امریکی خارجہ پالیسی میں خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں۔

ظہران ممدانی نے زور دیا کہ اس کارروائی کے اثرات صرف وینزویلا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ اس کے براہِ راست نتائج نیویارک میں مقیم دسیوں ہزار وینزویلا باشندوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

میئر نے کہا کہ میری توجہ ان کی اور ہر نیویارک کے شہری کی سلامتی پر مرکوز ہے اور ساتھ ہی واضح کیا کہ ان کی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر شہریوں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جاتی رہے گی۔

مقبول خبریں