امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا میں اقتدار کی تبدیلی، سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ عبوری طور پر وینزویلا کے امور امریکی کنٹرول میں رہیں گے


ویب ڈیسک January 04, 2026
وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کو امریکی فوجیوں نے بیڈ روم سے گھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا

وینزویلا کی سپریم کورٹ نے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کو ملک کا عبوری صدر مقرر کر دیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ڈیلسی روڈریگز عبوری حیثیت میں صدر کے تمام اختیارات، فرائض اور ذمہ داریاں سنبھالیں گی تاکہ ریاستی امور میں تسلسل اور قومی دفاع کو یقینی بنایا جا سکے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مادورو کو تاحال مستقل طور پر عہدے سے معزول قرار نہیں دیا گیا، کیونکہ آئینی طور پر ایسا فیصلہ ہونے کی صورت میں 30 دن کے اندر انتخابات کرانا لازم ہوتا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی فوج نے دارالحکومت کراکس میں کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے امریکا منتقل کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مادورو کو نیویارک اسٹیٹ نیشنل گارڈ کی ایک فوجی تنصیب پر لایا گیا، جہاں انہیں ایف بی آئی اہلکاروں کی نگرانی میں دیکھا گیا۔

رپورٹس کے مطابق نکولس مادورو کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیویارک شہر منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جہاں انہیں منشیات اسمگلنگ سے متعلق مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ عبوری طور پر وینزویلا کے امور امریکی کنٹرول میں رہیں گے، جبکہ وینزویلا کی قیادت نے امریکی اقدام کو جارحیت قرار دیتے ہوئے مزاحمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مقبول خبریں