ایشیز کے پانچویں ٹیسٹ کے دوران بونڈی ساحل پر فائرنگ میں لوگوں کی جانیں بچانے والے ہیرو احمد ال احمد کا ایس سی جی اسٹیڈیم میں تالیوں کے ساتھ استقبال کیا گیا۔
احمد ال احمد کے دلیرانہ اقدام کو نہ صرف عوام بلکہ کرکٹ شائقین نے بھی سراہا۔
اس موقع پر اسٹینڈز میں موجود لوگوں نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اور ہیرو کی حوصلہ افزائی کی۔ اسٹینڈز اور میدان میں موجود تمام افراد نے ایک زبردست ماحول پیدا کیا جو کہ احمد کے لیے اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ 14 دسمبر کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ فائرنگ کا واقعہ سڈنی کے بونڈی بیچ پر پیش آیا تھا۔
اسی دوران بانڈی بیچ پر ایک غیر مسلح شخص نے فائرنگ کرنے والے ایک دہشت گرد کی بندوق پکڑ لی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جب کہ صارفین کی جانب سے اسے ہیرو قرار دیا گیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ بانڈی بیچ پر ایک غیر مسلح شخص نے فائرنگ کرنے والے ایک دہشت گرد کی بندوق پکڑی اور بے شمار جانیں بچائیں۔