لاہور:
لاہور کے تاریخی شالامار باغ میں منعقدہ قوالی نائٹ کے دوران متنازع گانا قیدی نمبر 804 گانے والے معروف قوال فراز امجد نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔
فراز امجد کا کہنا ہے کہ وہ منتظمین کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کے مطابق ہی قوالی پیش کر رہے تھے۔
قوال فراز امجد کے مطابق محفل کے دوران ایک نامعلوم شخص سٹیج پر آ گیا جس نے بدتمیزی کی اور من پسند گانا گانے کے لیے دھمکیاں دیں یہاں تک کہ نتائج کی وارننگ بھی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں اس دباؤ کو نظرانداز کیا گیا، تاہم تمام صورتحال کی ویڈیو شواہد موجود ہیں۔
فراز امجد کا کہنا ہے کہ محفل کا ماحول خراب ہونے سے بچانے کے لیے مجبوری میں وہ گانا پیش کیا، جس پر بعد ازاں ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔
انہوں نے ملک مخالف بغاوت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کا وطن ہے اور وہ اس کے خلاف جا ہی نہیں سکتے۔
قوال فراز امجد نے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
ساتھ ہی انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اصل حقیقت جاننے کے لیے ان کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو ضرور دیکھیں۔