گیمنگ دنیا کے سب سے زیادہ انتظار کیے جانے والے کھیل گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (GTA 6) کے حوالے سے ایک بار پھر تاخیر کی افواہوں نے مداحوں کو بے چین کر دیا ہے۔ 13 سال سے نئے حصے کے منتظر شائقین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور سوشل میڈیا پر یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ آیا GTA 6 کی ریلیز اب 2027 تک مؤخر کر دی گئی ہے؟
تاہم اب تک دستیاب معلومات کے مطابق راک اسٹار گیمز نے ان خبروں کی تصدیق نہیں کی۔ کمپنی اب بھی 19 نومبر 2026 کی متوقع ریلیز کی تاریخ پر قائم ہے۔ اگرچہ انٹرنیٹ پر مختلف افواہیں زور پکڑ رہی ہیں، لیکن راک اسٹار کی جانب سے کسی نئی تاخیر کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
راک اسٹار گیمز کا مؤقف ہے کہ GTA 6 کو مکمل طور پر پالش، حقیقت کے قریب اور غیر معمولی حد تک وسیع بنایا جا رہا ہے۔ اس بار کھیل کی دنیا مشہور وائس سٹی تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اس سے کہیں زیادہ خطے، زیادہ افراتفری اور پہلے سے کہیں بڑا تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ جدید AAA گیمز کی تیاری نہایت مہنگا، پیچیدہ اور طویل عمل بن چکی ہے، اسی لیے تاخیر کو بھی اس منصوبے کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔
کمپنی کی کمال پسندی نئی بات نہیں۔ ماضی میں ریڈ ڈیڈ ریڈمپشن 2 بھی تقریباً ایک سال تاخیر کا شکار ہوا تھا، مگر ریلیز کے بعد اسے ایک شاہکار قرار دیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ شائقین اب بھی امید رکھتے ہیں کہ GTA 6 انتظار کا بھرپور صلہ دے گا۔
راک اسٹار کے مطابق GTA 6 میں ایک بالکل نئی اور وسیع دنیا متعارف کرائی جارہی ہے جسے لیونیڈا کہا جارہا ہے، جو امریکی ریاست فلوریڈا سے متاثر ہے۔ اس گیم میں پہلی بار سیریز کی ایک مرکزی خاتون کردار لوسیا کامینوس شامل کی گئی ہے، جو جیسن ڈووال کے ساتھ بطور سیکنڈ مرکزی کردار کہانی کا حصہ ہوں گی۔
ڈیولپرز کا دعویٰ ہے کہ 12 سال اور اربوں ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والا یہ پراجیکٹ ہر لحاظ سے منفرد ہوگا۔ کھجور کے درختوں کے سائے ہوں یا پولیس کے سنسنی خیز تعاقب، ہر منظر اور ہر طنزیہ اشتہار کو غیر معمولی باریکی سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ادھر مداح مذاقاً یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ شاید انہیں GTA 6 کا ڈی لکس ایڈیشن خریدنے کے لیے ریٹائرمنٹ کی بچت بھی کرنی پڑ جائے۔
فی الحال، تمام افواہوں کے باوجود، گیمنگ شائقین کے لیے واحد مستند خبر یہی ہے کہ GTA 6 نومبر 2026 میں ریلیز ہوگا اور راک اسٹار کا کہنا ہے کہ یہ طویل انتظار بالکل رائیگاں نہیں جائے گا۔