انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔ وکیل صفائی نے دوران سماعت کہا کہ جب تک ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی رسائی نہیں دی جاتی ہم عدالتی کاروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وڈیو لنک ٹرائل سے متعلق پنجاب حکومت کے نوٹیفیکیشن کی کاپی وکلاء صفائی کو فراہم کر دی اور آج کی سماعت میں غیر حاضر تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔
نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک جبکہ سپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ وکلاء صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے ہم نے ان سے کیسز کے متعلق ہدایات لینی ہیں۔۔
اس پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر ہیں اور اس عدالت کی تحویل میں نہیں ہیں، بانی اب سزا یافتہ ہیں لہذا وکلاء صفائی متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔
سزا یافتہ مجرم جیل سپرینڈنٹ کی تحویل میں ہے ملاقات کا اختیار بھی انہی کے پاس ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے 30 اکتوبر 2025 کو نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کے وڈیو لنک ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہوا ہے۔ کیس پر سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔