مادورو کے بعد کون؟ سی آئی اے نے وینزویلا کی قیادت کیلئے وفادار افراد کی فہرست ٹرمپ کو پیش کردی

رپورٹ میں وینزویلا کی قیادت کے لیے حکومت کے وفادار اور بااثر افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں


ویب ڈیسک January 06, 2026

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد ملک کی آئندہ قیادت سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش کر دی ہے۔

رپورٹ میں وینزویلا کی قیادت کے لیے حکومت کے وفادار اور بااثر افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس فہرست میں وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز کا نام بھی شامل ہے، جنہیں ملک میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے ایک مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ شخصیات عبوری دور میں وینزویلا کو چلانے اور ریاستی اداروں کو فعال رکھنے کی بہتر پوزیشن میں ہوں گی۔

دوسری جانب وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا مچاڈو نے کہا ہے کہ ایک آزاد وینزویلا کو امریکا کا اہم توانائی مرکز بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق اقتدار کی تبدیلی کے بعد ملک میں بڑی معاشی اصلاحات کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ امریکا نے حالیہ دنوں وینزویلا پر فوجی کارروائی کی، جس کے دوران امریکی ڈیلٹا فورس نے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے حراست میں لے کر امریکا منتقل کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق مادورو اور ان کی اہلیہ کے خلاف امریکا میں منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی سے متعلق الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کا انتظام امریکا سنبھالے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا میں کام شروع کریں گی۔

مقبول خبریں